اُڈپی:30/اکتوبر(ایس او نیوز) اُڈپی کے خواتین واطفال اسپتال کی کسی حال میں بھی نجی کاری نہیں کی جائے گی ، اس کی نگرانی ریاستی حکومت ہی کے ذریعے کی جائے گی۔ یہ بات ریاستی وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بتائی۔ وہ یہاں اُڈپی میں کوسما شمبھو شٹی اسمارک حاجی عبداللہ اسپتال کے نئی عمارت کی اسپتال کے صحن میں پودے کو نصب کرکے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اخبارنویسوں کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے اسپتال کے متعلق بتایا کہ کچھ لوگ خواہ مخواہ افواہوں کو پھیلا رہے ہیں اور بعض کو غلط فہمی ہوئی ہے، سرمایہ دار بی آر شٹی اپنے والدین کے نام پر اسپتال کے لئے مفت میں نئی عمارت تعمیر کرکے دیں گے ،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی پیچیدگی کا شکار نہ ہوں، ہم اس کی نج کاری نہیں کررہے ہیں، اس موقع پر سرمایہ دار ڈاکٹر بی آر شٹی ، صحت عامہ کے وزیر رمیش کمار، ماہی گیر وزیر پرمود مدھواراج، ودھان پریشد رکن آئیون ڈیسوزا، رکن اسمبلی ابھئے چندرا جین، صحت عامہ محکمہ کی افسر شالنی رجنیش وغیرہ موجود تھے۔